کراچی مچھر کالونی میں گھر کی دیوار گرنے سے بچی جاں بحق، 2 بہن بھائی زخمی

کراچی مچھر کالونی میں گھر کی دیوار گرنے سے بچی جاں بحق، 2 بہن بھائی زخمی

کراچی کے علاقے ماڑی پور مچھر کالونی میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں گھر کی دیوار گرنے سے ایک کمسن بچی جاں بحق جبکہ دو بچے زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ حضرت بلال مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں اچانک گھر کی دیوار گر گئی اور اس کے ملبے تلے بچے دب گئے۔حادثے کے نتیجے میں 3 سالہ کلثوم دختر ولی رحمان جاں بحق ہوگئی، جبکہ دو بچے زخمی ہوئے جن کی شناخت 5 سالہ عبید ولد ولی رحمان اور 10 سالہ صادقہ دختر ولی رحمان کے نام سے کی گئی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی اور زخمی بچے آپس میں بہن بھائی ہیں۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ملبہ ہٹا کر بچوں کو نکالا۔زخمی بچوں اور جاں بحق بچی کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمی بچوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ علاقے میں گھر کی تعمیر اور دیوار کی حالت سے متعلق بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔کراچی میں حالیہ بارشوں کے دوران خستہ حال عمارتوں اور کمزور تعمیرات کے باعث حادثات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی جاتی رہی ہے۔