صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سیلاب کے دوران اپنے فرائض ایک ماں اور بہن کی طرح ادا کر رہی ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب سے متاثرہ ہر علاقے میں متاثرین تک پہنچ رہی ہے اور مریم نواز خود متاثرہ اضلاع کا دورہ کر کے سہولیات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ جہاں بھی انتظامی کوتاہی سامنے آتی ہے، وزیراعلیٰ فوری طور پر متعلقہ افسر کو جوابدہ بناتی ہیں۔عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ سیلاب متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ تین ہفتوں سے ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، پنجاب پولیس اور دیگر ادارے مسلسل امدادی کاموں میں مصروف ہیں، جب کہ پاک فوج اور رینجرز بھی جذبہ حب الوطنی کے تحت خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب کے مطابق مریم نواز سیلاب متاثرین کے مسائل کو اپنی اولین ترجیح سمجھ کر حل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن افسوس کہ بعض عناصر متاثرین کے نام پر سیاست کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ مشکل وقت میں کون ان کے ساتھ کھڑا ہے اور کون ان کے زخموں پر نمک چھڑک رہا ہے۔