لاہور ہائیکورٹ میں حسان نیازی کی ملٹری کورٹ کارروائی کیخلاف درخواست 16 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر

لاہور ہائیکورٹ میں حسان نیازی کی ملٹری کورٹ کارروائی کیخلاف درخواست 16 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر

لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کی ملٹری کورٹ کی کارروائی کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔

 جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 16 ستمبر کو درخواست پر سماعت کرے گا۔ عدالت نے اس حوالے سے وفاقی حکومت کو نوٹس بھی جاری کر رکھا ہے تاکہ رجسٹرار آفس کے اعتراضات پر وضاحت دی جا سکے۔رجسٹرار آفس نے مؤقف اپنایا تھا کہ درخواست کے ساتھ کمانڈنگ آفیسر کے مصدقہ آرڈر کی کاپی شامل نہیں کی گئی اور متعلقہ فورم سے رجوع بھی نہیں کیا گیا۔یاد رہے کہ ایک روز قبل ہی عدالت نے حسان نیازی کی ملٹری کسٹڈی، ملٹری کورٹ کی کارروائی اور کورٹ مارشل کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کیا تھا۔ اس سماعت میں جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کارروائی کی تھی۔

سینئر قانون دان فیصل صدیقی کے ذریعے دائر درخواست میں حسان نیازی نے مؤقف اپنایا کہ 9 مئی واقعے میں گرفتاری کے بعد انہیں کسی سویلین عدالت کے سامنے پیش نہیں کیا گیا بلکہ تھانہ سرور روڈ پولیس نے غیر قانونی طور پر فوج کے حوالے کر دیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ کمانڈنگ آفیسر کا 17 اگست 2023 کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر ملٹری کسٹڈی سمیت تمام کارروائیاں ختم کی جائیں۔ مزید برآں، عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ حسان نیازی کو جیل سے رہا کرنے یا انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔