لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما اور عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی ملٹری کسٹڈی اور کورٹ مارشل کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کر لی گئی ہے۔
جسٹس سید شہباز رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل لاہور ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ آج دن 12 بجے درخواست پر سماعت کرے گا۔ یہ درخواست حسان نیازی نے اپنے وکیل، سینئر قانون دان فیصل صدیقی کے توسط سے دائر کی ہے۔
درخواست میں موقف
حسان نیازی نے مؤقف اپنایا ہے کہ 9 مئی واقعات کے بعد گرفتاری کے بعد انہیں کسی سویلین عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔تھانہ سرور روڈ پولیس نے انہیں غیر قانونی طور پر ملٹری کے حوالے کر دیا، حالانکہ عدالت کے واضح حکم موجود تھے۔انہیں ملٹری کسٹڈی میں دینے کا کمانڈنگ آفیسر کا 17 اگست 2023 کا نوٹیفکیشن غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، لہٰذا کالعدم قرار دیا جائے۔
استدعا
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ:ان کی ملٹری کسٹڈی، ملٹری کورٹ کی تمام کارروائی اور کورٹ مارشل کو کالعدم قرار دیا جائے۔عدالت ان کی رہائی کا حکم دے یا انہیں انسدادِ دہشتگردی عدالت کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت جاری کرے۔