ون ڈے ورلڈکپ 2027 کے لیے دو میزبان ممالک سمیت 10 ٹیموں نے براہِ راست رسائی حاصل کرلی ہے۔
جنوبی افریقا اور زمبابوے سمیت 30 ستمبر 2026 تک آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر موجود 8 ٹیموں نے براہِ راست ورلڈکپ میں جگہ بنائی ہے۔براہِ راست رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، انگلینڈ، سری لنکا، افغانستان اور بنگلادیش شامل ہیں، جبکہ دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو ورلڈکپ میں جگہ بنانے کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا ہوگا۔ورلڈکپ 2027 میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ سیمی فائنل سے قبل تین مختلف راؤنڈز کھیلے جائیں گے۔
راؤنڈ 1: سپر سیریز
اس مرحلے میں کوالیفائنگ راؤنڈ میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے ساتھ رنر اپ ٹیم حصہ لے گی۔ مجموعی طور پر 3 میچز کھیلے جائیں گے اور ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم دوسرے راؤنڈ یعنی گروپ مرحلے میں پہنچے گی۔
راؤنڈ 2: گروپ اسٹیج
گروپ مرحلے میں 10 براہِ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کے ساتھ کوالیفائنگ راؤنڈ کی فاتح اور سپر سیریز کی فاتح ٹیم شامل ہوگی۔ 12 ٹیموں کو 6، 6 کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔دونوں گروپس میں راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت مجموعی طور پر 30 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد دونوں گروپس کی ٹاپ 3 ٹیمیں اور دونوں گروپس میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں سپر 7 مرحلے میں پہنچیں گی۔
راؤنڈ 3: سپر 7
سپر 7 مرحلے میں 7 ٹیمیں راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت ایک دوسرے کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلیں گی، جس کے نتیجے میں اس مرحلے میں مجموعی طور پر 21 میچز کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی کی ممکنہ پری سیڈنگ کے مطابق سپر 7 مرحلے میں بھارت، آسٹریلیا، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور سری لنکا شامل ہیں، تاہم یہ حتمی نہیں ہے اور گروپ مرحلے کے نتائج کے بعد اس میں تبدیلی ممکن ہے۔