حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کے لیے آئی ایم ایف سے بجلی کے بل تین ماہ مؤخر کرنے کی درخواست کر دی ہے۔
آئی ایم ایف نے نقصانات کا مکمل ڈیٹا طلب کیا ہے، جسے پاور ڈویژن اس ہفتے فراہم کرے گا۔وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت خزانہ نے بجلی کے بل مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ حکام نے بتایا کہ حکومت متاثرین کے لیے مختلف ریلیف آپشنز پر غور کر رہی ہے، جن میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور فلڈ پیکج کے ذریعے امداد شامل ہے۔ حکومت نے زرعی ایمرجنسی بھی نافذ کر دی ہے اور فارمرز سپورٹ پیکج جلد متوقع ہے۔
سیلاب سے گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، قصور، مظفرگڑھ، ملتان اور بہاولپور شدید متاثر ہوئے ہیں، جس میں 6 ہزار سے زائد مویشی بہہ گئے اور چاول کی فصل تباہ ہوئی۔ اب تک 13 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں اور لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان الیکٹرک کے صارفین بھی متاثر ہوئے ہیں۔