گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اپنی پانچ ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ متاثرہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس مشکل کی گھڑی میں ہر طرح سے سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہوں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ امدادی کارروائیوں کے لیے گورنر ہاؤس میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے، جس کے تحت متاثرہ اضلاع میں فوری طور پر امدادی سامان بھیجا جائے گا۔گورنر سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ جلد متاثرہ علاقوں میں ٹرک روانہ کیے جائیں گے جن میں کھانا، پینے کا پانی، کمبل، خیمے اور دیگر بنیادی ضروریات کا سامان شامل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام حکومت اور عوام کے درمیان تعاون کو مضبوط کرنے اور سیلاب زدگان کی مدد کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔مزید برآں، کامران خان ٹیسوری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اپنا حصہ ڈالیں اور ضرورت مندوں تک ریلیف پہنچانے میں حکومت کے اقدامات کا ساتھ دیں۔