سنگاپور کا سیلاب متاثرین کیلئے50ہزار ڈالر‘برطانیہ کا30 لاکھ پائونڈ دینے کافیصلہ

نائب وزیراعظم  اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، پاکستان میں سیلاب اور بارشوں کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار 
اسلام آباد (آئی این پی )برطانیہ نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے  ایمرجنسی ریلیف اور ریپانس کیلئے 30لاکھ پائونڈ   امداد کا اعلان کیا ہے ۔ دفترخارجہ  سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اوروزیرخارجہ اسحاق ڈار سے  برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے ملاقات  کی جس میں دوطرفہ تعلقات، اعلی سطح کے دوروں کی اہمیت، علاقائی اور عالمی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان میں سیلاب اور بارشوں کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ برطانیہ کی جانب سے ایمرجنسی ریلیف اور رسپانس کے لیے 3 ملین پانڈزفراہم کیے گئے ہیں جب کہ برطانیہ کی جانب سے مزید امداد بھی دی جائے گی۔دریں اثناء سنگاپور کی حکومت نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے 50 ہزار ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔