لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی اور عوامی صورتحال کے پیش نظر مرکزی مجلس شوریٰ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق دو روزہ اجلاس کل (ہفتہ) سے منصورہ لاہور میں شروع ہوگا، جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کریں گے۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سماجی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ جماعت کی آئندہ حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر خصوصی بحث ہوگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بلوچستان کے مسائل، امن و امان کی صورتحال، مہنگائی، بے روزگاری اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات بھی ایجنڈے کا اہم حصہ ہوں گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا اور اس حوالے سے جماعت اسلامی کی آئندہ احتجاجی اور سیاسی حکمت عملی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجلس شوریٰ کے اجلاس میں ملک کی موجودہ معاشی پالیسیوں، عوامی مسائل کے حل اور مختلف قومی امور پر قراردادیں بھی منظور کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ جماعت اسلامی کی تنظیمی سرگرمیوں اور مستقبل کے عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔اجلاس کے اختتام پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے اہم پالیسی بیان اور اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق میڈیا کو آگاہ کیے جانے کا بھی امکان ہے۔