اے این ایف کی آٹھ کارروائیاں، 117 کلو گرام سے زائد منشیات بر آمد

 لاہور (کرائم رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف آٹھ کارروائیوں کے دوران سات ملزمان کو گرفتار کرکے 9 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 117.61 کلوگرام منشیات بر آمد کر لی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق اٹک میں ایک یونیورسٹی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 210 گرام آئس بر آمد ہوئی، جس نے مبینہ طور پر تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے مسافر کے سامان میں کپڑوں میں جذب کی گئی 5.7 کلوگرام آئس، جبکہ مسقط سے آنے والے ایک دوسرے مسافر کے سامان میں کتابوں کے اندر چھپائی گئی 3.1 کلوگرام کوکین بر آمد ہوئی۔ دیگر کارروائیوں میں نیشنل ہائی وے حیدر آباد کے قریب ایک ملزم سے تین کلوگرام چرس، سیالکوٹ میں فتح گڑھ روڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 2.4 کلوگرام چرس اور جی پی او سیالکوٹ کے قریب دو ملزمان سے 1.2 کلوگرام چرس بر آمد کی گئی۔ کلمت، پسنی کے ساحل کے قریب 72 کلوگرام آئس جبکہ تحصیل وندر، ضلع حب کے قریب ایک کمپا ئونڈ سے 30 کلوگرام ہیروئن بھی بر آمد ہوئی۔ اے این ایف نے تمام کارروائیوں کے بعد انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔