لاہور پولیس : ناجائز اسلحہ، نمائش اور ہوائی فائرنگ میں 5934 ملزم پکڑے گئے

 لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے رواں سال ناجائز اسلحہ رکھنے، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ میں ملوث 5 ہزار 934 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں 5 ہزار 880 مقدمات درج کیے گئے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 123 رائفلیں، 49 کلاشنکوفیں، 145 گنیں، 5 ہزار سے زائد پستول اور 217 ریوالور برآمد کیے گئے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ناجائز اسلحے، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلحے کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور ڈالہ کلچر سمیت اسلحے کی نمائش روکنے کے لیے مئوثر اقدامات کیے جائیں۔ سی سی پی او نے سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش کرنے والوں پر کڑی نظر رکھنے اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اسلحے کے غیر قانونی استعمال پر سخت کارروائی کی جائے گی۔