ناجائز اسلحہ و ہوائی فائرنگ 3 مشکوک پکڑے گئے

لاہور(کرائم رپورٹر) ڈولفن سکواڈ نے ناجائز اسلحہ اور ہوائی فائرنگ کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے فیکٹری ایریا، نواں کوٹ اور جوہر ٹاؤن سے 3 مشکوک ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ٹیم نے 2 مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو وہ فرار ہونے لگے۔ تعاقب کے بعد فاروق کالونی اور ایل بلاک جوہر ٹاؤن کے قریب سے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈولفن نواں کوٹ نے ہوائی فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کو بھی گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے موٹر سائیکل، 3 پستول، گولیاں اور میگزینز برآمد ہوئے۔ ملزمان عقیل، ہارون اور مرتضیٰ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ نواں کوٹ، فیکٹری ایریا اور چوکی ایل بلاک کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد کے مطابق ڈولفن سکواڈ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔