خواتین پر تشدد اور جنسی جرائم، 5ملزم گرفتار، مقدمات درج

 مصری شاہ، گوالمنڈی اور شاہدرہ ٹائون پولیس کی کارروائیاں، تحقیقات شروع
 لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر خواتین پر تشدد اور جنسی جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گوالمنڈی، مصری شاہ اور شاہدرہ ٹائون پولیس نے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق مصری شاہ پولیس نے گھریلو تنازع پر بیوہ خاتون کو اینٹ مار کر زخمی کرنے کے الزام میں باپ بیٹے فیاض اور شہزاد کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے تشدد سے خاتون کے چہرے پر شدید چوٹیں آئیں۔ گوالمنڈی پولیس نے شادی کا جھانسہ دے کر بارہویں جماعت کی طالبہ کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں ملزم طلحہ کو گرفتار کر لیا۔ دوسری جانب شاہدرہ ٹائون پولیس نے گلی میں کھیلنے والے بچے کو ورغلا کر پلاٹ میں لے جانے اور مبینہ بدفعلی کا نشانہ بنانے کے الزام میں ملزمان ثمر اور کیٹی کو گرفتار کیا۔ پولیس نے تمام واقعات کے مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے کارروائیوں پر متعلقہ ایس ایچ اوز اور پولیس ٹیموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچوں کو تشدد اور جنسی استحصال کا نشانہ بنانے والے ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔