مصنوعی ذہانت کے کیمروں اور ڈیٹا اینالیٹکس سے گاڑی کا سراغ ملا
اہور (کرائم رپورٹر) سیف سٹی کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چوری اور اے ٹی ایم کارڈ کے مبینہ فراڈ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق تھانہ کاہنہ کی حدود میں ملزمان ایک شہری کا پرس، قیمتی سامان اور دیگر اشیا چوری کرکے فرار ہو گئے تھے۔ ملزمان نے پرس میں موجود اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے خریداری شروع کر دی، جس پر شہری کو بینک کی جانب سے پیغامات موصول ہوئے اور واردات کا علم ہوا۔ شکایت ملنے پر سیف سٹی کے ورچوئل پٹرولنگ افسر نے ملزمان کی تلاش شروع کی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید کیمروں کی مدد سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی کا سراغ لگا لیا۔ گاڑی کے رجسٹریشن نمبر اور ڈیٹا اینالیٹکس کے ذریعے ملزمان سے متعلق معلومات حاصل کرکے متعلقہ پولیس کو فراہم کی گئیں، جس پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان سیف سٹیز کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی میں مئوثر کردار ادا کر رہی ہے۔ شہری کسی بھی واردات یا مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔