مجاہد سکواڈ کی کارروائیاں، سو سے زائد پتنگیں اور ڈور کی 26 چرخیاں برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سرچ اینڈ سویپ آپریشنز اور مشتبہ افراد و گاڑیوں کی چیکنگ جاری ہے۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد کے مطابق مجاہد اسکواڈ نے ناکہ گلویڑہ اور شیرا کوٹ پر کارروائی کرتے ہوئے پتنگوں اور ممنوعہ ڈور کی سپلائی ناکام بنا دی اور تین ملزمان فیصل، نعمان اور علی حیدر کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے 100 سے زائد پتنگیں اور ممنوعہ ڈور کی 26 چرخیاں برآمد ہوئیں۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں شیرا کوٹ اور کاہنہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ڈولفن نے ناکہ جات پر تعینات سپروائزری افسران کو مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری رکھا جائے گا۔