نیو انارکلی میں ممنوعہ کیمیکل ڈور سپلائی کرنے والا ملزم گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر) نیو انارکلی پولیس نے پتنگ بازی اور ممنوعہ کیمیکل ڈور کی فروخت و ترسیل کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں روپے مالیت کی نو چرخیاں بر آمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ایس ایچ او نیو انارکلی کی نگرانی میں ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم احمد کو ممنوعہ کیمیکل ڈور کی چرخیاں سپلائی کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ ملزم نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی ناکام کوشش بھی کی۔ پولیس کے مطابق ملزم ممنوعہ چرخیاں مختلف مقامات پر منتقل کرنے کے لیے پیدل شاپر بیگ کا استعمال کرتا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ایس پی سٹی فرحت عباس کا کہنا ہے کہ انسدادِ پتنگ بازی اور پتنگ و ڈور کی فروخت کے حوالے سے کڑی نگرانی جاری ہے، انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔