پبلک ٹرانسپورٹ سے 200 سے زائد پتنگیں، ڈور کی 19 چرخیاں برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت کے ناکہ جات پر سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ مجاہد سکواڈ ناکہ شیراکوٹ نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی پتنگوں اور قاتل کیمیکل ڈور کی سپلائی ناکام بنادی جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان ظفر اقبال اور عمر فاروق حیدرآباد سے پتنگوں کی بھاری کھیپ لاہور منتقل کررہے تھے۔ ناکہ شیراکوٹ پر سرچنگ کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ سے 200 سے زائد پتنگیں اور قاتل ڈور کی 19 چرخیاں برآمد ہوئیں۔ ملزمان نے پتنگوں اور ڈور کی چرخیاں ایل سی ڈی کے کارٹن میں مہارت سے چھپا رکھی تھیں۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ شیراکوٹ کے حوالے کردیا گیا۔ ایس پی موبائلز بلال احمد نے ناکہ انچارج نظیر اور جوانوں کو بروقت کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے مقررہ تاریخوں کے علاوہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔