لاہور میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 3 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور گولیاں برآمد

لاہور میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 3 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور گولیاں برآمد

لاہور میں ہوائی فائرنگ کے خلاف پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

 پولیس کے مطابق شالیمار، مغلپورہ اور مزنگ کے علاقوں میں کارروائیوں کے دوران ہوائی فائرنگ کرکے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے والے ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت احمد، حمزہ اور ایمان علی کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان مبینہ طور پر سرِعام گلی محلوں میں ہوائی فائرنگ کرتے تھے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیلتا تھا اور شہریوں کی جان و سلامتی کو خطرات لاحق تھے۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 پستول اور گولیاں بھی برآمد کر لی ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ ایسے واقعات کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔