سرکاری دفاتر عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختص ،یونین کی سرگرمیوں کو سرکاری امور کی انجام دہی یا دفتری معاملات میں رکاوٹ بننے کی اجازت نہیں ہوگی:مراسلہ
لاہور(شہزاد راجپوت) واسا پنجاب کے سرکاری املاک اور احاطوں میں سی بی اے یونین کے دفاتر، اجلاسوں اور اجتماعات کے انعقاد کو روکنے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ واسا لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور ملتان کے منیجنگ ڈائریکٹرز کو سرکاری احاطوں میں یونین دفاتر اور بیٹھنے کے انتظامات فوری ختم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔جاری کردہ مراسلے کے مطابق واسا کے سرکاری دفاتر عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے مختص ہیں، اس لیے سرکاری عمارتوں اور احاطوں کو سی بی اے یونین یا ملازمین کی دیگر انجمنوں کے دفاتر، اجلاسوں اور اجتماعات کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی دفتر یا احاطے میں یونین کی سرگرمیوں کے لیے پہلے سے کوئی انتظام موجود ہے تو اسے فوری طور پر ختم کیا جائے.مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ سی بی اے یونین کے عہدیداران اور ارکان سمیت تمام ملازمین دفتری اوقات کے دوران اپنی ذمہ داریاں اور تفویض کردہ فرائض متعلقہ جاب ڈسکرپشن کے مطابق انجام دیں۔ یونین کی سرگرمیوں کو سرکاری امور کی انجام دہی یا دفتری معاملات میں رکاوٹ بننے کی اجازت نہیں ہوگی۔متعلقہ منیجنگ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ جاری کردہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور سرکاری دفاتر و دفتری اوقات کو صرف سرکاری امور اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جائے