کویت سٹی (آئی این پی) ایران کے خلیجی ممالک میں واقع امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ان ممالک نے احتیاطی تدابیر کو مزید سخت کردیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کویت میں تراویح کی نمازوں کے اجتماعات کو معطل کردیا گیا جب کی قطر نے اجتماعی افطار تقریبات پر بھی پابندی لگادی۔کویت کی وزارتِ اسلامی امور نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کی مساجد میں رمضان کے دوران ادا کی جانے والی نمازِ تراویح اب تاحکم ثانی ادا نہیں کی جائیں گی۔وزارت کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر عوام کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔حکام کا مزید کہنا کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور حالات بہتر ہونے پر عبادات معمول کے مطابق بحال کر دی جائیں گی۔اسی دوران قطر نے بھی ملک بھر میں افطار تقریبات اور دیگر اجتماعات عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔حکام کے مطابق دارالحکومت دوحہ کے آسمان پر دن بھر متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد احتیاطی اقدامات کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا