سموگ خلاء سے بھی نظر آنے لگی‘پنجاب کے مزید 5 ڈویژنوں میں تعلیمی ادارے بند( دفاتر کا آدھا عملہ آن لائن کرنیکا حکم)

ڈی جی خان، ساہیوال، سرگودھا، بہاولپور اور راولپنڈی  میں 17 نومبر تک سکول اور ٹیوشن سنٹر بند کئے گئے ، بارہویں جماعت تک تمام سکولوں میں تدریسی عمل آن لائن ہوگا
دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور پہلے نمبر پر رہا‘5  فیصد سٹاف گھروں سے کام کرنے کا پابند ہوگا‘مختلف محکموں کے درمیان میٹنگز بھی آن لائن کرنی ہوں گی:ڈی جی ماحولیات

لاہور (سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں) پنجاب میں سموگ کی وجہ سے ابتر صورتحال بر قرار ہے فضاء میں مزید آلودگی ظاہر ہونے لگی،دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں گزشتہ روز بھی لاہور پہلے نمبر پر رہا ، امریکی میڈیا کے مطابق پاکستان میں سموگ خلاء سے بھی نظر آنے لگی ہے ، پنجا ب کے مزید پانچ ڈویژنز میں سکولز بند کر دئیے گئے ۔ رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقے ڈی ایچ اے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1236، جوہر ٹائون کا 991، سید مراتب علی روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1256 ریکارڈ کیا گیا، غازی روڈ انٹرچینج کا اے کیو آئی 904 ریکارڈ کیا گیا ۔ملتان کا اے کیو آئی 800 تک جا پہنچا ہے جبکہ پشاور 258، فیصل آباد 252 اور اسلام آباد میں اے کیو آئی 253 ریکارڈ کیا گیا ۔شدید سموگ اوردھند کی وجہ سے موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک ، ایم 4 عبدالحکیم سے شیر شاہ تک جبکہ ایم 5 شیر شاہ سے سکھر اور سیالکوٹ موٹروے کو ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا۔شدید دھند کے باعث 10 سے زائد پر وازیں بھی متاثر ہوئیں جس کے سبب مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سموگ کی شدت اتنی زیادہ ہوگئی ہے کہ خلا ء سے بھی نظر آنے لگی ہے۔امریکی خلائی ایجنسی ناسا کی سیٹلائٹ تصاویر میں حالیہ ویک اینڈ پر لاہور اور ملتان پر اتنی گہری سموگ ہے کہ سڑکیں اور عمارتیں اس کی لپیٹ میں آگئیں، تصاویر میں صرف دھند دیکھی گئی۔امریکی میڈیا کے مطابق پاکستان کے مشرقی اور بھارت کے شمالی علاقوں میں پچھلے مہینے سے پھیلی گہری اور خطرناک اسموگ سیٹلائٹ تصاویر میں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی جی خان، ساہیوال، سرگودھا، بہاولپور اور راولپنڈی ڈویژن میں 17 نومبر تک سکولز بند کئے گئے ہیں، نجی ٹیوشن سنٹرز بھی بند رکھے جائیں گے،بارہویں جماعت تک تمام سکولوں میں تدریسی عمل آن لائن ہوگا۔دریں اثناء پنجاب حکومت نے صوبے میں سموگ کے باعث دفاتر میں کام کرنے والے 50 فیصد عملے کو آن لائن کام پر منتقل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق اس کا اطلاق تمام سرکاری، نیم سرکاری، خود مختار اداروں پر ہوگا جبکہ دفتر آنے والا 50 فیصد سٹاف کار پول ان کا پابند ہوگا۔ڈی جی ماحولیات پنجاب ڈاکٹر عمران حامد نے تمام سیکریٹریز، سربراہان کوہدایت جاری کر دیں جس میں کہا گیا کہ دفاتر میں صرف 50 فیصد اسٹاف کو بلایا جائے گا، 50 فیصد اسٹاف گھروں سے کام کرنے کا پابند ہوگا۔مراسلے میں کہا گیا کہ مختلف محکموں کے درمیان میٹنگز بھی آن لائن کرنی ہوں گی، دفاتر آنے والے افراد کار پول ان کرنے کے پابند ہوں گے، فیصلے کا اطلاق پنجاب کے تمام سرکاری، نیم سرکاری،خودمختار اداروں پر ہوگا۔