وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی احسن اقبال نے بھارت پر پاکستان میں انتشار پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے سہولت کاروں کے ذریعے پاکستان میں اندرونی انتشار پیدا کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ معرکۂ حق میں شکست کے بعد بھارت پاکستان کے خلاف اندرونی ہنگامہ آرائی کے لیے سازشیں کر رہا ہے، جن میں فتنہ الخوارج کا کردار بھی واضح اور خطرناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں جنگ بندی اور فلسطینیوں کی خوشی کے وقت پاکستان میں انتشار پیدا کرنے کی کوششیں قابلِ تشویش ہیں، اور یہ سمجھنا ضروری ہے کہ اس کا مقصد کیا ہے۔ احسن اقبال نے زور دیا کہ پاکستان کو امن، استحکام اور معاشی ترقی کی طرف بڑھنے کی ضرورت ہے، اور ملک کے دشمن عناصر کی سہولت کاری کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔