اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے دفاعی اور سفارتی محاذ پر تاریخی کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ترقیاتی بجٹ کی ایک ایک پائی شفاف اور مؤثر انداز میں خرچ کی جا رہی ہے۔
یہ بات انہوں نے اسپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر، وزیر مواصلات اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔احسن اقبال نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور حکومت ان مقامات کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کمپلیکس کی تعمیر میں وزارت منصوبہ بندی مکمل تعاون فراہم کرے گی جبکہ راتوہا ہریام پل کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے اور اسے جلد مکمل کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکس دہندگان کی شرح کم ہے، اس لیے ترقی کے لیے ٹیکس کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔ ان کے مطابق نئے این ایف سی ایوارڈ میں کشمیر، گلگت بلتستان اور سابق فاٹا کے لیے خصوصی حصہ رکھا جائے گا۔