پاکستان چوتھی اڑان بھرنے جا رہا ہے، احسن اقبال کا بیان

پاکستان چوتھی اڑان بھرنے جا رہا ہے، احسن اقبال کا بیان

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اب اپنی ترقی کے چوتھے مرحلے کی طرف قدم بڑھا رہا ہے۔

 انہوں نے اس موقع پر ملک کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ 1947 میں جب پاکستان قائم ہوا، بھارت نے ہمارے وسائل پر قبضہ کیا تھا، لیکن اب ہم نے اپنے وسائل اور معیشت میں کافی ترقی کی ہے۔احسن اقبال نے 1960ء میں پاکستان کی ایکسپورٹ کی حالت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اُس وقت ہماری ایکسپورٹ 200 ملین ڈالرز تک تھی، لیکن آج یہ 32 ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔ تاہم، انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ پاکستان پھر بھی عالمی سطح پر اپنے ہمسایہ ممالک اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں پیچھے رہ گیا ہے۔انہوں نے ملک کی معاشی حالت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ہر قیمت پر معاشی استحکام کی طرف جانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مارشل لاء نے ترقی کے عمل کو روک دیا تھا، اور اس کی وجہ سے ہمارا وژن 2025ء پر لوگ ہنسی اُڑاتے تھے، اور ہم نے خود اپنی کامیابیوں کو ضائع کیا۔

احسن اقبال نے سی پیک منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں اس منصوبے کو سیاست کی نظر کر دیا گیا اور اس کی اہمیت کو کم کر دیا گیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو اپنے دوست ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات قائم رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ہمارے ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہو سکیں۔وزیرِ منصوبہ بندی نے سیمینار میں اپنے خطاب کو ختم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر فرد اپنے خواب کی تعبیر پانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور اس کے لیے ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر چلنا ہوگا۔