ابھیشیک بچن کو پہلی بار بہترین اداکار کا ایوارڈ، 25 سالہ فلمی سفر کی کامیابی

ابھیشیک بچن کو پہلی بار بہترین اداکار کا ایوارڈ، 25 سالہ فلمی سفر کی کامیابی

بالی ووڈ کے  اداکار ابھیشیک بچن نے اپنے 25 سالہ کیریئر کے بعد پہلی بار فلم فیئر ایوارڈ برائے بہترین اداکار جیت لیا ہے۔ 70ویں فلم فیئر ایوارڈز 2025 میں انہیں یہ اعزاز فلم 'آئی وانٹ ٹو ٹاک' میں ان کی شاندار اداکاری پر دیا گیا۔

ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ابھیشیک بچن کے جذبات قابو سے باہر ہو گئے اور آنکھیں نم ہوگئیں۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ، "اس سال میرے فلمی سفر کو 25 سال مکمل ہوئے ہیں۔ یہ ہمیشہ میرا خواب رہا ہے کہ میں یہ ایوارڈ اپنے خاندان کے سامنے وصول کروں۔"انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنی اہلیہ ایشوریا رائے بچن اور بیٹی آردھیا کو دیا اور کہا، "ایشوریا اور آردھیا، تم دونوں کا شکریہ کہ تم نے مجھے میرے خواب پورے کرنے کی اجازت دی۔ میں جانتا ہوں کہ تمہاری قربانیاں ہی وہ وجہ ہیں کہ آج میں یہاں کھڑا ہوں۔"اس کے علاوہ، اداکار نے یہ ایوارڈ اپنے والد امیتابھ بچن اور بیٹی آردھیا کے نام بھی کیا اور کہا، "یہ ایوارڈ میں دو خاص لوگوں کے نام کرتا ہوں، اپنے ہیرو، اپنے والد اور اپنی دوسری ہیرو، اپنی بیٹی آردھیا کے نام۔"

انہوں نے تمام ہدایتکاروں اور پروڈیوسرز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان پر اعتماد کیا اور انہیں مواقع فراہم کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ، "یہ سفر آسان نہیں تھا، مگر قابل فخر رہا۔"حال ہی میں، انہوں نے فلم 'ہاؤس فل 5' میں اکشے کمار، رتیش دیش مکھ، سونم باجوہ اور جیکولین فرنینڈس کے ساتھ کام کیا۔ ان کی اگلی فلم 'کنگ' ہے، جس میں وہ شاہ رخ خان اور سونہ خان کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گے۔ یہ ایوارڈ ان کے طویل اور کامیاب کیریئر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔