لاہور ( کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ بہترین سکیورٹی کے ذریعے محفوظ ماحول میں انٹرنیشنل کرکٹ کے انعقاد کو یقینی بنایا جا رہاہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان اورجنوبی افریقہ کی ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے پہلے میچ کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے چاق و چوبندافسران و اہلکار ٹیسٹ کرکٹ میچ کی سکیورٹی پرمامور ہیں، ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اورشائقین ِکرکٹ کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے سپروائزری افسران کو پی سی بی اور دیگر متعلقہ اداروں سے بہترین کو آرڈینیشن رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی ایس او پیز پرمکمل عملدر آمدیقینی بنایا جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے ڈولفن سکواڈ، پی آر یو و دیگر پولیس ٹیموں کو کھلاڑیوں کی قیام گاہ، روٹس اور سٹیڈیم کے اطراف موثر پٹرولنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیزاتھارٹی و دیگر کنٹرول رومز سے اہم پوائنٹس کی مسلسل مانیٹرنگ کی اور ٹریفک کی بلاتعطل روانی و پارکنگ پلان پربھی عملدر آمد یقینی بنایا جائے،ڈیوٹی پوائنٹس پرجوان الرٹ رہ کرسکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اورکھیلوں کے فروغ کے لئے سرگرم ہے۔