خواتین ایک محفوظ ماحول میں کاروبار کر رہی ہیں: مریم اورنگزیب

 وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خواتین دوست پالیسیوں کے مثبت ثمرات سامنے آ رہے ہیں 
لاہور (سپیشل رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے WEX ایکسپو میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے خواتین کی کاروباری صلاحیتوں اور محنت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین نے سپلائی چین کے مکمل ماڈل کے ساتھ اپنے کاروبار کی کامیاب نمائش کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ ملکی معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس ایکسپو میں خریدار، فروخت کنندگان اور سپلائرز ایک ہی پلیٹ فارم پر موجود ہیں جو ایک مضبوط بزنس ایکو سسٹم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایکسپو میں 600 سے زائد خواتین کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار پیش کیے گئے جو خواتین کی معاشی خودمختاری کا عملی مظاہرہ ہیں۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خواتین دوست پالیسیوں کے مثبت ثمرات سامنے آ رہے ہیں اور خواتین ایک محفوظ ماحول میں کاروبار کر رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے خواتین کاروباری افراد کے لیے بزنس ہینڈ ہولڈنگ وینچرز قابلِ تحسین ہیں جو نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سمال اینڈ میڈیم بزنس سیکٹر میں 150 ملین روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جس سے خواتین کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے دروازے کھل رہے ہیں۔ خواتین کی سہولت کے لیے ڈے کیئر سینٹرز، سیف سٹی منصوبہ اور ہاسٹلز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ بلا  خوف و خطر اپنے پیشہ ورانہ سفر کو جاری رکھ سکیں۔