سندھ : ایک ماہ کے لئے جلسے، جلوس و ریلیاں نکالنے پرپابندی

کراچی (خصوصی رپورٹ) سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت صوبہ بھر میں اجتماعات ،جلسے جلوس و ریلیاں نکالنے پر اور 5 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ وزارت داخلہ سندھ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اقدام صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔ وزرات داخلہ سندھ نے آئی جی سندھ کی سفارش پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ امن عامہ برقرار رکھا جاسکے۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیکشن 188 تعزیرات پاکستان کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو خلاف ورزی کی صورت میں مقدمات درج کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق حکم نامہ فوری طور پر موٓثر ہے اور صوبے کے تمام اضلاع پر لاگو ہو گا۔