مساجد، عمارتیں، گلیاں، محلے، چوک، چوراہے خوبصورتی سے سجائے گئے
لاہور،اسلام آباد،کراچی (خصوصی رپورٹ،بیورو رپورٹ)ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیؐ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ملک بھر کی فضاؤں میں درود و سلام کی صدائیں، مساجد، عمارتیں، گلیاں، محلے، چوک، چوراہے خوبصورتی سے سجائے گئے اور آقائے دو جہاں سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا گیا۔عید میلادالنبی ؐ پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد 21-21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔بھر میں جشن عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور میں بھی مساجد، گھروں، سڑکوں، سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا، عید میلادالنبیؐ کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔کراچی میں گلی گلی، قریہ قریہ برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ، شہر کے مختلف علاقوں میں عاشقان رسول کی جانب سے محافل میلاد کا انعقاد اور جلوس و ریلیاں نکالی گئیں۔اسلام آباد کو بھی دلہن کی طرح سجایا گیا، چپہ چپہ سرور کائنات کی آمد کی خوشی میں جگمگا اٹھا، ہر جگہ جشن آمد رسول کے نعرے گونجتے رہے۔ مسجدوں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، رحیم یارخان، بہاولپور، سرگودھا، لودھراں، جھنگ، وہاڑی، شکر گڑھ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سمیت پنجاب بھر میں جشن عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں۔