انسانی ہاتھوں کی زنجیریں، ایک منٹ کی خاموشی ، لاہور میں انجمن تاجران لاہور کی کال پر تمام ہول سیل مارکیٹیں بند
لاہور، اسلام آباد( کرائم رپورٹر،بیورو رپورٹ)گلگت بلتستان ، آزاد جموں وکشمیر سمیت پاکستان بھر میں آج بدھ کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے ملک بھر میں سرکاری تعطیل ہے اور تمام سرکاری، نیم سرکاری، نجی ادارے اور بازار بند ہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی غیر متزلزل حمایت کے اظہار کیلئے حکومت پاکستان کی اپیل پر ہرسال پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے۔ آزادکشمیر اور پاکستان کو ملانے والے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر کشمیری اور پاکستانی عوام انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کے ساتھ ریلیاں جلسے جلوس منعقد کرکے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا ظہار کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں مختلف سیاسی اورمذہبی جماعتوں سمیت مختلف تنظیموں کی طرف سے مظاہرے، ریلیاں، سیمینارز اور دوسری تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق خصوصی دستاویزی فلمیں دکھائی جا رہی ہیں۔ہرسال کی طرح کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی جبکہ کوہالہ، ہولاڑ، برار کوٹ، ڈھلکوٹ، آزاد پتن، دھان گلی، منگلا سمیت پاکستان کو کشمیر سے ملانے والے پلوں پر صبح 10 بجے انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئی۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کشمیری بھائیوں کیساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہینگے۔ صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہم کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے اْن کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کی تجدید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد صورتحال مزید خراب ہوئی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد کشمیریوں کو ان کی اپنی ہی سرزمین میں ایک بے اختیار کمیونٹی میں بدلنا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم کر رہا ہے اور انہیں شدید ریاستی جبر اور تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی خاطر ان کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہاکشمیری خوف اور دہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں۔ ان کی جائیدادیں ضبط کی جا رہی ہیں۔ ان جابرانہ اقدامات کا مقصد اختلاف رائے کو کچلنا ہے۔ انہوں نے کہا جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے مفاد میں عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دے۔وزیراعظم نے کہاکہ میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ ہماری خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون رہے گا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔عالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور کشمیری عوام کو ان کا جائر حق، حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔،انجمن تاجران لاہور نے ہول سیل مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کردیا بتایا گیا ہے کہ انجمن تاجران لاہور کے حافظ شیخ علاؤالدین نے کہا کہ آج کشمیر ڈے پر تمام ہول سیل مارکیٹیں بند رہیں،کشمیری بھائیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا جائیگا۔