ساڑھے4 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر
لاہور( کرائم رپورٹر)قومی انسدادِ پولیو مہم آج پیر سے شروع ہو گی جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔13سے 19اکتوبر تک جاری نے والی مہم کے دوران 4کروڑ 50لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا ئوکے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ بچوں کی قوتِ مدافعت بڑھانے کے لیے وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق13اکتوبر سے شروع ہونے والی مہم کے دوران 4لاکھ سے زائد تربیت یافتہ پولیو ورکرز اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔پنجاب میں 2کروڑ 30لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچا ئوکے قطرے پلائے جائیں گے، سندھ میں 1کروڑ 6لاکھ ،بلوچستان میں 26لاکھ ، خیبرپختونخوا میں 72لاکھ ،اسلام آباد میں 4لاکھ 60ہزار ، آزاد جموں و کشمیر میں 7لاکھ 60ہزار جبکہ گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 80ہزار سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔