پنجاب اسمبلی میں پاک فوج کے حق میں قرارداد جمع، افغان جارحیت کے بھرپور جواب کو سراہا

پنجاب اسمبلی میں پاک فوج کے حق میں قرارداد جمع، افغان جارحیت کے بھرپور جواب کو سراہا

ویب ڈیسک: پنجاب اسمبلی میں افغان اشتعال انگیزی کے موثر اور بھرپور جواب پر پاک فوج کے حق میں خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد جمع کرائی گئی ہے۔

یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی ہے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایوان فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی بہادر، مدبر اور جرات مند قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک فوج نے مشکل حالات میں جس پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور عزم کا مظاہرہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ایوان نے وزیراعظم شہباز شریف کے اس عزم کی بھی تائید کی کہ پاکستان کے دفاع، خودمختاری اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ، قرارداد میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس بیان کو بھی سراہا گیا، جس میں انہوں نے افغان جارحیت کی مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ پاکستان کی سرحدیں مقدس امانت ہیں اور ان کی حفاظت ہر شہری کا فرض ہے۔قرارداد کے مطابق، افغان جارحیت کے جواب نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، مگر یہ ہماری کمزوری نہیں بلکہ طاقت اور استقامت کی علامت ہے۔ ایوان نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہے۔قرارداد کا اختتام "پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد" کے نعروں پر ہوا، اور حکومتی اراکین نے فوج کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔