پاک افواج کی عظیم کامیابی پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

پاک افواج کی عظیم کامیابی پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

ویب ڈیسک: پاک افواج کی حالیہ کامیابی پر پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کرائی گئی ہے جسے ممبران صوبائی اسمبلی سارہ احمد اور مہوش سلطانہ نے پیش کیا۔

اس قرارداد میں پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہر سال 10 مئی کو ’’یومِ فتحِ پاکستان‘‘ کے طور پر سرکاری سطح پر منایا جائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کو مئی 2025 کی جنگ میں حاصل عظیم کامیابی پر مبارکباد دی جاتی ہے، اور بھارت کی جانب سے طاقت کے توازن کو بدلنے کی کوششیں ناکام ہوئیں۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے حکمت، تحمل اور عسکری مہارت کے ذریعے دشمن کو فیصلہ کن شکست دی، اور صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنا کر اخلاقی برتری بھی ثابت کی۔ اس دوران بھارتی عسکری ساز و سامان، بشمول رافیل، براہموس اور ایس 400 بھی ناکام ہوئے۔

اس کے علاوہ قرارداد میں پاکستان اور چین کے اتحاد کو خطے کی نئی عسکری حقیقت کے طور پر تسلیم کیا گیا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک فضائیہ، بحریہ اور آپریشن بنیان مرصوص کے تمام شرکاء کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔یہ ایوان ان شہداء اور معصوم بچوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا، اور قرارداد کے اختتام پر کہا گیا کہ "پاکستان ہمیشہ زندہ باد، افواجِ پاکستان پائندہ باد"۔