چلاس اور دیامر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
بابوسر ٹاپ، بٹوگاہ ٹاپ اور نانگا پربت پر گزشتہ رات سے برفباری جاری ہے، جس سے پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا، جبکہ برفباری کے باعث بابوسر ناران شاہراہ کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔چلاس شہر اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ دیامر کے بالائی علاقوں میں برفباری اور نشیبی علاقوں میں بارش کے باعث سردی کی لہر دوڑ گئی ہے۔پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ بارش اور برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ انہوں نے شہریوں کو سفر شروع کرنے سے قبل متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے شاہراہوں کی صورت حال کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔