کراچی: میر رضا کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کا دوسرا اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے، جس میں میر رضا کے کاروباری شراکت دار احمد بھاردے کے حوالے سے اہم فیصلہ متوقع ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق احمد بھاردے سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے اور انہیں اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ طلب کرکے کئی کئی گھنٹے تفتیش کی جاچکی ہے۔ احمد بھاردے اس وقت تیموریہ تھانے میں موجود ہیں، جہاں سے انہیں آج جے آئی ٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی اجلاس میں احمد بھاردے سے متعلق دستیاب شواہد اور تفتیشی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد ان کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔تفتیشی ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش اگر احمد بھاردے کے خلاف شواہد سامنے آئے تو انہیں باقاعدہ حراست میں لیا جاسکتا ہے۔ اس صورت میں تفتیشی حکام عدالت سے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی درخواست بھی کریں گے۔