کراچی: نوجوان تاجر میر رضا کی ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات کے لیے قائم تحقیقاتی کمیٹی کا فیروزآباد پولیس اسٹیشن میں ہونے والا اجلاس ختم ہوگیا ہے۔
اس اجلاس میں اہم افسران سے بھی پوچھ گچھ کی گئی اور تفتیشی عمل کو آگے بڑھایا گیا۔تفتیشی ذرائع کے مطابق، یہ اجلاس تقریباً پونے چار گھنٹے جاری رہا، جس میں ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن عامر فاروقی، ایس ایس پی علی رضا، ایس پی انویسٹی گیشن قیس خان، ڈی ایس پی سراج لاشاری سمیت دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ، سابق ڈی ایس پی شاہراہ فیصل ارشد آفریدی اور سابق ایس ایچ او گلستان جوہر کامران قریشی کو بھی طلب کیا گیا۔ذرائع کے مطابق، میر رضا کی لاش کی اطلاع ملنے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر پہنچنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے بیانات بھی قلمبند کیے گئے۔ اس دوران، موبائل افسر سے لے کر ڈی ایس پی رینک کے افسران و اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔
تفتیشی عمل میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے والی سی پی ایل سی کی ٹیم بھی اجلاس میں شامل تھی۔ اجلاس کے بعد، تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان جائے وقوعہ اور کرائم سین کا معائنہ کرنے کے لیے پہنچے، جہاں ڈی آئی جی نے نرسری کے ملازمین سے معلومات حاصل کیں۔ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن عامر فاروقی کا کہنا تھا کہ تفتیش جاری ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ، تحقیقاتی ٹیم اب جائے وقوعہ کا دورہ کرے گی تاکہ مقدمے کی حقائق کا پتا لگایا جا سکے۔