میر رضا کیس؛ عدالتی کمیشن کی رپورٹ سندھ حکومت کے حوالے، انکشافات متوقع

میر رضا کیس؛ عدالتی کمیشن کی رپورٹ سندھ حکومت کے حوالے، انکشافات متوقع

میر رضا کی موت کے واقعے کی تحقیقات کرنے والے عدالتی کمیشن نے اپنی انکوائری رپورٹ سندھ حکومت کے حوالے کردی ہے۔

 رپورٹ محکمہ داخلہ سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری جاوید ابڑو نے وصول کی، جبکہ رپورٹ کو منظر عام پر لانے سے متعلق فیصلہ اب سندھ حکومت کرے گی۔ذرائع کے مطابق عدالتی کمیشن کی رپورٹ چار جلدوں پر مشتمل ہے اور اسے دو الگ سربمہر لفافوں میں جمع کرایا گیا ہے۔ رپورٹ اور اس کے ساتھ کورنگ لیٹر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نام بھیجے گئے ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ رپورٹ میں میر رضا کی موت سے متعلق اہم حقائق اور واقعات کی تفصیلات شامل ہوں گی، جن سے یہ جاننے میں مدد مل سکتی ہے کہ ان کی موت قتل تھی یا خودکشی۔محکمہ داخلہ سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری جاوید ابڑو نے رپورٹ وصول کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی کمیشن کی رپورٹ موصول ہوگئی ہے اور اب اس پر مزید فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیشن کی کارروائی اوپن کورٹ میں ہوئی تھی، تاہم رپورٹ انہیں سربمہر لفافے میں موصول ہوئی ہے۔جاوید ابڑو کے مطابق محکمہ داخلہ کی ذمہ داری رپورٹ حکومت تک پہنچانا ہے، جبکہ اسے عام کرنے یا اس حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کا اختیار حکومت کے پاس ہے۔

کمیشن نے 49 افراد کے بیانات ریکارڈ کیے

ذرائع کے مطابق میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے قائم عدالتی کمیشن نے مجموعی طور پر 15 سماعتیں کیں۔ اس دوران 49 افراد کے بیانات ریکارڈ کیے گئے، جبکہ دو بیانات ویڈیو لنک کے ذریعے بھی قلم بند کیے گئے۔ کمیشن کی تشکیل 24 اگست کو عمل میں آئی تھی۔رپورٹ کی چار جلدوں میں کیس سے متعلق تحقیقات اور کارروائی کی تفصیلات شامل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تاہم رپورٹ کے مکمل مندرجات اور حتمی نتائج تاحال عوام کے سامنے نہیں آئے۔

میر رضا کی لاش 29 جولائی کو ملی تھی

یاد رہے کہ میر رضا کی لاش 29 جولائی کو کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر سے ملی تھی۔ واقعے کے بعد ان کی موت کے حالات جاننے اور ذمہ داران کے تعین کے لیے طویل احتجاج بھی کیا گیا۔ کیس میں ابتدائی پوسٹ مارٹم کے بعد دوبارہ قبر کشائی بھی کی گئی تھی۔میر رضا کے اہل خانہ کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ منظر عام پر لانے کا فیصلہ سندھ حکومت کرے گی

عدالتی کمیشن کی رپورٹ سندھ حکومت کو موصول ہونے کے بعد اب اہم سوال یہ ہے کہ آیا رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے گی اور اس کی سفارشات کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی یا نہیں۔