کراچی: میر رضا قتل کیس میں مقتول کے والدین کے وکلا نے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کی تشکیل کی درخواست کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ میں نظرثانی درخواست دائر کردی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے تفتیش کے دوران ہونے والی بعض کوتاہیوں کو خود تسلیم کیا ہے، جبکہ مقدمے کے اہم حقائق بھی عدالتی فیصلے میں نظر انداز ہوئے ہیں۔درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ موجود ریکارڈ کا دوبارہ جائزہ لیا جائے اور میر رضا کے قتل کے حقائق سامنے لانے کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا جائے۔والدین کے وکلا کے مطابق کیس کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تفتیش کیلئے جے آئی ٹی ضروری ہے۔ درخواست میں عدالت سے اپنے سابقہ فیصلے پر نظرثانی کی بھی استدعا کی گئی ہے۔