کراچی: جوڈیشل کمیشن نے میر رضا کیس کی انکوائری رپورٹ تیار کرلی ہے، جو کل صبح 10 بجے سندھ حکومت کے حوالے کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق کمیشن نے سیکریٹری داخلہ کو کل طلب کرلیا ہے، جبکہ رجسٹرار جوڈیشل کمیشن رپورٹ سیکریٹری داخلہ کے حوالے کریں گے۔واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کیس سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر ایک لاکھ روپے انعام کی پیشکش واپس لے لی گئی تھی۔کارروائی کے دوران میر حسین علی خان، مریم حسین اور ایڈووکیٹ جبران ناصر کمیشن میں موجود رہے۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل سیکریٹری جاوید احمد ابڑو، سی پی ایل سی کے گواہ کاشف افتخار، طٰہٰ پراچہ اور تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری بھی کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔کمیشن نے کاشف افتخار اور ڈی ایس پی سراج لاشاری کے بیانات قلمبند کیے۔دوسری جانب کے الیکٹرک کی نمائندہ رابعہ، مینجنگ ڈائریکٹر کے الیکٹرک سید محمد طلحہ کی جانب سے کمیشن کے سامنے پیش ہوئیں اور ایک سیل شدہ لفافہ جمع کرایا، جسے ریکارڈ کا حصہ بنا لیا گیا۔