لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے گورنر بلوچستان اور گورنر گلگت بلتستان نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بین الصوبائی روابط اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام صوبے اور پوری قوم متحد ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے قومی یکجہتی اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا اتحاد صرف ملکی مفاد کے لیے ہے اور قومی معاملات میں باہمی تعاون کو اہمیت دی جانی چاہیے۔ملاقات میں پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان اور گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے مختص کوٹے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر طلبہ کے لیے مختص نشستوں کی مانیٹرنگ اور اس بات کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ متعلقہ علاقوں کے طلبہ ان تعلیمی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
گورنر بلوچستان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بلوچستان کا بڑا بھائی ہے اور دونوں صوبے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بین الصوبائی تعاون اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور علاقے کی ترقی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔