وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں سیاسی و انتظامی معاملات اور نئے گورنر کی تقرری کے لیے تین رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، جبکہ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کمیٹی کے دیگر ارکان ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی گورنر کے عہدے کے لیے مختلف امیدواروں کے ناموں کا جائزہ لے کر اپنی حتمی سفارشات مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کو پیش کرے گی۔مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق پارٹی کی جانب سے گورنر کے عہدے کے لیے بلتستان سے تعلق رکھنے والی شخصیت کو ترجیح دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ اس اہم منصب کے لیے پارٹی کے وفادار اور دیرینہ کارکن کو ترجیح دی جائے۔
ذرائع کے مطابق اس معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا ایک اہم اجلاس بھی جلد متوقع ہے، جس میں گورنر کی تقرری سمیت گلگت بلتستان کی مجموعی سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ادھر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مشاورت میں نئے گورنر کے انتخاب کے علاوہ گلگت بلتستان کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور آئندہ سیاسی حکمت عملی بھی زیر غور ہے۔