نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب اور بلوچستان کے دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور اچانک سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
پنجاب میں فلڈ فلیش کا خدشہ
ڈی جی خان اور راجن پور کے پہاڑی ندی نالوں میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں اچانک سیلاب کا درمیانے درجے کا خطرہ موجود ہے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع بھی متاثر ہوسکتے ہیں
بلوچستان کے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل اور کوہلو میں اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔ بارکھان، لورالائی، دکی اور ڈیرہ بگٹی میں بھی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ
این ڈی ایم اے کے مطابق چترال، سوات اور اپر دیر میں سوات اور پنجکوڑہ دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ خیبر، اورکزئی، ہنگو اور کرک میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ٹانک، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے ندی نالوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں بھی الرٹ
گلگت بلتستان کے غذر، ہنزہ، نگر اور گلگت کے ندی نالوں میں اچانک سیلاب کا درمیانے درجے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنانے جبکہ شہریوں کو محتاط رہنے اور ندی نالوں، دریاؤں اور دیگر خطرناک مقامات کے قریب غیرضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔