نقل معاملے پر انکوائری مکمل 2موبائل انسپکٹر نااہل قرار

 عیسیٰ چوک(خصوصی رپورٹ)نہم جماعت کے سالانہ امتحانات میں نقل کے معاملے پر گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی انکوائری مکمل ہوگئی، جس میں دو موبائل انسپکٹروں کو قصوروار قرار دیتے ہوئے دو سال کے لیے کسی بھی امتحانی مرکز میں ڈیوٹی دینے سے نااہل قرار دے دیا گیا۔گوجرانوالہ بورڈ کے مطابق شکرگڑھ کے آئی ٹی ہائی سکول امتحانی مرکز نمبر 659 میں 21 اپریل کو نہم جماعت کے سالانہ امتحان کے دوران نقل کے معاملے پر انکوائری شروع کی گئی تھی۔ ڈسپلنری کمیٹی نے تمام حقائق اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد 10 نومبر کو انکوائری مکمل کی اور موبائل انسپکٹر محمد عرفان، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شکرگڑھ، اور انسپکٹر ناظم ملک ہیڈ ماسٹر چترانہ سکول کو امتحانی مرکز میں بے جا مداخلت کا قصوروار قرار دیا گیا۔ کنٹرولر امتحانات نے ڈسپلنری کمیٹی کی سفارشات پر دونوں افسروں کو آئندہ دو سال تک کسی بھی امتحانی مرکز میں ڈیوٹی دینے سے نااہل قرار دے دیا۔