محکمہ صحت کی ٹیموں کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، متعدد مراکز سیل اور چالان
فیصل آباد (خصوصی رپورٹ ) فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں اتائیت، غیر قانونی کلینکس اور غیر مجاز طبی سرگرمیوں کے خلاف محکمہ صحت کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ سی ای او ہیلتھ فیصل آباد ڈاکٹر شہزاد محمود کی سربراہی میں محکمہ صحت کی ٹیموں نے مختلف طبی مراکز کا معائنہ کیا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیلنگ، چالان اور قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔کارروائیوں کے دوران اتائیوں کے خلاف دو ایف آئی آرز بھی درج کرائی گئیں جبکہ سرکاری کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے اور قانونی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی جاری ہے۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہزاد محمود نے واضح کیا کہ عطائیت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ غیر قانونی کلینکس چلانے، مریضوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے اور سیل شدہ مراکز دوبارہ کھولنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔