لاہور(کرائم رپورٹر)شہر میں جعلی سرجن اورنوسربازملزم پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔گوالمنڈی پولیس نے میو ہسپتال کے سکیورٹی سپروائزر کی درخواست پر جعلی سرجن عمر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ ملزم سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں خود کونیوروسرجن پروفیسر ڈاکٹر ظاہر کر کے کارروائیاں کرتا تھا۔ ملزم نے پروفیسر سرجن کی جعلی سٹیمپ اور لیٹر ہیڈ بھی تیار کروا رکھے تھے۔ رنگ محل پولیس نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کے دوران خود کو آرمی، رینجرز اور پولیس کا افسر ظاہر کرکے شہریوں کو ہراساں اورلوٹنے والے نوسرباز سخاوت کو گرفتار کر لیا جو موقع کی مناسبت سے ٹی وی چینلز کا صحافی بن کر بھی رعب جھاڑتا تھا۔ ملزم سے فورسز کی یونیفارم سے متعلق آرٹیکلز اور موبائل برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے سوشل میڈیا اکائونٹس پر مختلف فورسز کی وردیوں میں بنائی گئی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں کے نام کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ شہری صرف وردی دیکھ کر کسی شخص پر اعتماد نہ کریں بلکہ اس کی شناخت کی تصدیق ضرور کریں۔ جعلی اہلکاروں کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں، کیونکہ شہریوں کا بروقت تعاون جعلسازوں کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔