واشنگٹن: امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے علاقے لوگن سرکل میں فٹنس سینٹر اور اس کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوگئے، جبکہ واقعے کا مشتبہ حملہ آور بھی اپنے ہی پستول سے زخمی حالت میں قریبی اپارٹمنٹ سے ملا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز اور اے ایف پی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شہر کے ایک پوش رہائشی علاقے میں پیش آیا۔ واشنگٹن کے قائم مقام پولیس چیف جیفری کیرول نے صحافیوں کو بتایا کہ مشتبہ شخص فائرنگ کے بعد اپنے قریبی اپارٹمنٹ میں محصور ہوگیا تھا، جہاں پولیس اہلکاروں نے اسے خود کو گولی مار کر زخمی کرنے کی حالت میں پایا۔پولیس چیف کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مشتبہ شخص کا اپارٹمنٹ کی ہاؤس اونرز ایسوسی ایشن کے ساتھ کسی نوعیت کا تنازع تھا، تاہم حکام نے اس تنازع کی تفصیلات یا فائرنگ کے اصل محرک کی تصدیق نہیں کی۔جیفری کیرول نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے شخص کو فٹنس سینٹر کے اندر گولی ماری گئی تھی۔ واقعے میں زخمی ہونے والے چار افراد میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ دیگر تین کی چوٹیں بظاہر جان لیوا نہیں ہیں۔ مشتبہ حملہ آور کی طبی حالت کے بارے میں فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے متعدد اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ علاقے میں درجنوں پولیس گاڑیاں تعینات کی گئیں، جبکہ مسلح اہلکاروں نے قریبی عمارتوں کی چھتوں پر بھی پوزیشنیں سنبھال لیں۔ پولیس ہیلی کاپٹر کے ذریعے علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی۔حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت بعض رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جبکہ دیگر افراد کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی۔ نیشنل گارڈ کے اہلکار بھی جائے وقوعہ پر موجود رہے۔
ایک عینی شاہد نے رائٹرز کو بتایا کہ اس نے فائرنگ کی آوازیں سنیں اور ایک شخص کو دوسرے زخمی شخص کی جانب بھاگتے دیکھا۔ عینی شاہد کے مطابق زخمی شخص کے جسم سے خون بہہ رہا تھا اور وہاں موجود افراد کو خدشہ تھا کہ حملہ آور اب بھی قریب موجود ہے، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ جائے وقوعہ سے دور بھاگنے لگے۔عینی شاہد نے مزید بتایا کہ فٹنس سینٹر سے دور جانے کے بعد بھی اسے فائرنگ کی مزید آوازیں سنائی دیں۔