پاکستان کو باہر سے نہیں، اندر سے خطرہ ہے، ملک کو اندر سے مضبوط کریں:علیمہ خان

پاکستان کو باہر سے نہیں، اندر سے خطرہ ہے، ملک کو اندر سے مضبوط کریں:علیمہ خان

اسلام آباد:سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہمیں خطرہ بیرونی نہیں بلکہ اندرونی ہے، اس لیے سب سے پہلے ملک کو اندرونی طور پر مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن کبھی جرات نہیں کر سکتا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے، لیکن اگر ہم خود اندر سے کمزور ہوں تو مسائل پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وکیل فیصل چوہدری نے گزشتہ روز عمران خان کے مودی سے متعلق بیان کا مکمل ذکر نہیں کیا۔ علیمہ خان نے وضاحت کی کہ عمران خان نے کہا تھا مودی کی حرکت نے پاکستان کو متحد کر دیا اور قوم ایک ساتھ کھڑی ہوگئی، لیکن ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ ہم فارم 47 کی بنیاد پر قائم حکومت کے ساتھ نہیں کھڑے۔علیمہ خان نے عدلیہ کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر قانون کی حکمرانی کے لیے ججز خود نہیں کھڑے ہوں گے تو عوام کہاں جائیں گے؟ اگر ہائی کورٹ بے بس ہو جائے تو ماتحت عدالتیں کیا کریں گی؟ کیا سارے ادارے بے بس ہو جائیں گے؟