نیویارک: امریکی شہر نیویارک کے علاقے بروکلین میں تین منزلہ عمارت کا ایک حصہ اچانک منہدم ہونے سے ایک شخص ہلاک اور کم از کم 9 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ ایک شخص تاحال ملبے تلے پھنسا ہوا ہے جسے نکالنے کے لیے امدادی ٹیموں کی کارروائیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ بروکلین کے علاقے فلیٹ بش میں سہ پہر 4 بجے کے بعد پیش آیا، جہاں 1321 فلیٹ بش ایونیو پر واقع تین منزلہ عمارت کا ایک حصہ اچانک گر کر ساتھ موجود تعمیراتی مقام پر جا گرا۔ عمارت کا حصہ گرنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور امدادی اداروں کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا۔فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ کم از کم 9 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ایک شخص تاحال عمارت کے ملبے تلے پھنسا ہوا ہے، تاہم امدادی کارکنوں کا اس سے رابطہ قائم ہے۔ ریسکیو اہلکار انتہائی احتیاط کے ساتھ ملبہ ہٹانے اور پھنسے ہوئے شخص کو بحفاظت باہر نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز، پولیس اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔
دوسری جانب نیویارک محکمہ عمارت کے انسپکٹرز بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں، جو عمارت کے منہدم ہونے کی وجوہات کا جائزہ لینے کے ساتھ اطراف میں موجود عمارتوں کے اسٹرکچر اور مضبوطی کا معائنہ کر رہے ہیں تاکہ کسی مزید حادثے سے بچا جا سکے۔نیویارک پولیس نے شہریوں کو بیڈفورڈ ایونیو اور فلیٹ بش ایونیو کے اطراف جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حادثے کے باعث متاثرہ علاقے کی سڑکیں بند کردی گئی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے اور امدادی کارروائیوں میں مصروف اہلکاروں کے لیے راستہ خالی رکھنے کی اپیل کی ہے۔