روس کے تامبوف علاقے کے شہر کوتووسک میں واقع ایک لاجسٹک سینٹر پر مبینہ یوکرینی ڈرون حملے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک جبکہ 24 زخمی ہو گئے۔
روسی حکام کے مطابق حملے میں ایک بڑے لاجسٹک مرکز کو نشانہ بنایا گیا، جو مبینہ طور پر روس کی ایک بڑی ای کامرس کمپنی سے منسلک تھا۔ حملے کے بعد جائے وقوعہ پر ہنگامی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔روسی حکام نے اس حملے کا الزام یوکرین پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرون حملے کے باعث جانی نقصان کے ساتھ لاجسٹک مرکز کو بھی شدید نقصان پہنچا۔دوسری جانب یوکرین کی جانب سے اس واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ یوکرین حالیہ مہینوں کے دوران روس کے اندر فوجی اور لاجسٹک اہداف پر ڈرون حملے تیز کر چکا ہے، تاہم وہ ہر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کرتا۔یہ واقعہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں سرحد پار ڈرون حملوں میں اضافے کی ایک اور مثال ہے، جبکہ روس بھی اسی دوران یوکرین کے مختلف شہروں، تنصیبات اور بندرگاہوں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔