عمران خان کا محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات کے ذریعے معاملات آگے بڑھانے پر اتفاق

عمران خان کا محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات کے ذریعے معاملات آگے بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ نے بیرسٹر گوہر کی مفاہمتی پالیسی کی تائید کرتے ہوئے سیاسی معاملات کو محاذ آرائی کے بجائے بات چیت کے ذریعے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے پارٹی رہنماؤں کو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت کی اور بیرسٹر گوہر کو اپنا کردار جاری رکھنے کا کہا۔ ملاقات میں عمران خان اور وکلا کا رویہ مصالحتی رہا، جبکہ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سیاسی معاملات کو بند گلی میں لے جانے کے بجائے مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھایا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے بتایا کہ وہ ٹی وی پر خبریں دیکھ رہے ہیں اور اخبارات کا بھی مطالعہ کر رہے ہیں، انہیں موجودہ سیاسی صورتحال اور ٹی وی پروگرامز سے آگاہی ہے۔ انہوں نے ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ کو فی الحال قائمہ کمیٹیوں میں واپس جانے سے روک دیا، تاہم ملاقات میں استعفوں یا پارلیمنٹ چھوڑنے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد ان کا جائزہ لے کر غور و خوض کیا جائے گا اور پھر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق 9 نومبر کو بیرسٹر گوہر نے بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر سلمان صفدر کی چیف جسٹس سے ملاقات کرائی تھی، جس میں ریلیف کے حصول کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ چیف جسٹس سے ملاقات کے دوران ہی بیرسٹر سلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات طے ہوئی تھی، بعد ازاں لطیف کھوسہ کا نام بھی ملاقات میں شامل کر لیا گیا۔ملاقات میں عمران خان نے علیمہ خان کی رہائی کے لیے بھی کوششیں کرنے کی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق انہیں بتایا گیا کہ اگر معاملات بہتر انداز میں آگے بڑھتے رہے تو بشریٰ بی بی کا علاج بھی ممکن ہو سکے گا اور انہیں ہسپتال منتقل کیا جا سکتا ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وکیل انتظار پنجوتھہ سے انصاف لائرز فورم کی ذمہ داریاں واپس لے کر نیاز اللہ نیازی کو سونپ دی گئی ہیں۔